حیدرآباد ۔ /30 جنوری (سیاست نیوز) ٹرین میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو ریلوے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ رنجیت بیرا اور 34 سالہ سنجے پانڈو رنگ موہیتے متوطن پونے مہاراشٹرا ، بہرام پور اڈیشہ سے پونے کو منشیات منتقل کررہے تھے ۔ شبہ کی بنیاد پر گورنمنٹ ریلوے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا اور ان کی تلاشی کے دوران بیگ میں 40 کیلو منشیات میریجوانا برآمد کرلیا ۔ سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس مسٹر جی اشوک کمار نے بتایا کہ مذکورہ دونوں افراد منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعہ آسانی سے روپئے کمانے کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن پولیس نے انہیں ناکام بناتے ہوئے ان کے قبضے سے ایک لاکھ روپئے مالیتی منشیات برآمد کرلیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس پولیس نے منگل ہاٹ علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 5 کیلو میریجوانا ضبط کرلیا اور اس کی فروخت میں ملوث 22 سالہ وبھیش کمار اور 20 سالہ سریدھر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقہ سے کم دام میں منشیات خریدتے ہوئے اسے شہر میں دوگنی قیمت میں فروخت کررہے تھے ۔
ٹپر ڈرائیور پر نامعلوم افراد کا حملہ
حیدرآباد ۔ /30 جنوری (سیاست نیوز) تارناکہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آئے ایک واقعہ میں عنبرپیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرائیور پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا ۔ ذرائع کے بموجب محمد عارف کل رات دیر گئے اپنی ٹپر میں تارناکہ تا سکندرآباد جارہے تھے کہ تیز رفتار موٹر سائیکل سوار جو حالت نشہ میں تھے، گاڑی روک کر عارف پر وزنی پتھر سے وار کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد عارف کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ خاطیوں کی شناخت کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔