حیدرآباد ۔ /6 مارچ (سیاست نیوز) وشاکھاپٹنم تا سکندرآباد آنے والے دورانتو ایکسپریس میں ایک خاتون کے قبضے سے 1.49 کیلو سونے کا سرقہ کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 50 سالہ ناگاشیشو وینو فرسٹ کلاس اے سی کمپارٹمنٹ میں وشاکھاپٹنم سے سکندرآباد کیلئے روانہ ہوئی تھی اور سونا جس بیاگ میں تھا وہ بیاگ اپنے ساتھ رکھ کر محو خواب تھی اور جب ٹرین ورنگل پہونچے تو خاتون نے سونے والا بیاگ غائب پایا ۔ دورانتو ٹرین سکندرآباد پہونچنے پر خاتون نے اس سلسلے میں ایک شکایت درج کروائی اور ریلوے پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریلویز مسٹر جناردھن نے بتایا کہ اس ٹرین نے صرف وجئے واڑہ میں توقف کیا تھا اور کوئی باہر کا مسافر ٹرین میں داخل ہوکر سرقہ کرنا ناممکن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہے ۔