ٹرین حادثہ میں ماں ہلاک بیٹی کرشماتی طور پر محفوظ

حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) علاقہ بورابنڈہ میں پیش آئے ٹرین حادثہ میں ایک خاتون ہلاک اور اس کی 5 سالہ لڑکی کرشماتی طور پر بچ گئی۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 28 سالہ بپاشاہ جو بورابنڈہ علاقہ کے ساکن بنٹی شرما عرف آکاش کی بیوی تھی۔ یہ خاندان ضلع میدک کا متوطن تھا جو بورابنڈہ میں قیام پذیر تھے۔ کل یہ خاتون اپنی 5 سالہ لڑکی سونی کے ساتھ ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں بپاشاہ ہلاک اور اس کی بیٹی سونی بچ گئی۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق یہ حادثہ ہائی ٹیک سٹی اور بورابنڈہ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران پیش آیا۔ ریلوے پولیس مصروف تحقیقات ہے۔