حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) بیگم پیٹ اور نیچر کیور ریلوے لائین کے درمیان پیش آئے ٹرین حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تاہم اس شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق اس شحص کی شناخت کیلئے ریلوے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ جس کی عمر 25 سال بتائی گئی ہے جو ریل کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ ریلوے پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
حالت نشہ میں دو افراد کی خودکشی
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) حالت نشہ میں خودکشی کرنے کے دو علحدہ واقعات راجندر نگر اور چلکل گوڑہ پولیس حدود میں رپورٹ کئے گئے ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 32 سالہ جگدیش جو پیشہ سے ترکاری فروش تھا ۔ دلت بستی راجندر نگر میں رہتا تھا ۔ 10 سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی جس کے تین بچے ہیں ۔ جگدیش کثرت سے شراب کا نشہ کرنے کا عادی تھا اور حالت نشہ میں اکثر وہ اپنی بیوی سے جھگڑا کرتا تھا ۔ کل رات اس نے نشہ کی حالت میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ چلکل گوڑہ پولیس کے مطابق 22 سالہ سائی کرشنا جو طالب علم تھا وارثی گوڑہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔