ٹرین حادثات میں 6 افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد و سکندرآباد حدود میں پیش آئے ٹرین حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ تاہم ان میں چار کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ ان میں ایک شخص نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ ریلوے پولیس سکندرآباد کے مطابق 55 سالہ ٹی راملو جو درگاہ نگر ملکاجگری کا ساکن تھا، کل شام یہ شخص مولیٰ علی اور ملکاجگیری کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس کاچیگوڑہ کے مطابق 55 سالہ ہنمنتو جو ملک پیٹ کا ساکن تھا، پیشہ سے حمال بتایا گیا ہے۔ وہ آج صبح ملک پیٹ اور کاچیگوڑہ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ نامپلی ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے چار ٹرین حادثات میں ایک شخص فتح نگر اور صنعت نگر کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے ٹرین حادثہ میں جو سنجیوایا پارک ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا ایک نامعلوم شخص جس کی عمر 35 سال بتائی گئی ہے، اس نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ نامپلی خیریت آباد ریلوے لائن کے درمیان ایک شخص پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا اور ایک 30 سالہ نامعلوم شخص کل شام حفیظ پیٹ اور ہائی ٹیک سٹی کے درمییان پیش آئے ٹرین حادثہ میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔