حیدرآباد /19 جون ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے ٹرین حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ ایک نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی اور دو ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ہلاک ہوگئے ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 23 سالہ گوپال جو پیشہ سے لیبر تھا رام پور نینارم میں رہتا تھا ۔ کل اس نے حفیظ پیٹ اور چندانگر کے درمیان ریلوے لائین پر ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ گوپال پیشہ سے لیبر تھا اور اس کی ذہنی حالت درست نہیں تھی ۔ ریلوے پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق 38 سالہ نامعلوم شخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ کل بدویل اور عمدہ نگر کے درمیان ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ نامپلی ریلوے ذرائع کے مطابق ایک 27 سالہ سافٹ ویر ملازم پی وینکٹ کرشنا ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ وینکٹ کرشنا مادھو راؤ نگر کالونی کوکٹ پلی کا ساکن تھا اور ٹی سی ایس سافٹ ویر کمپنی میں ملازم تھا ۔ کل وہ بورا بنڈہ اور ہائی ٹیک سٹی کے درمیان ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔