ٹرین حادثات میں چار افراد ہلاک ،دو کی عدم شناخت

حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) شہر میں پیش ائے ٹرین حادثات میں چار افراد ہلاک ہوگئے تاہم ان میں دو کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق 24 سالہ علیم شکور جو احمد پورہ لاتور ضلع کے ساکن شکور شیخ کا بیٹا تھا یہاں شہر آیا ہوا تھا وہ کل ملک پیٹ اور اپو گوڑہ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 28 سالہ ہنمنتو جو راج پیٹ ضلع نلگنڈہ کا متوطن تھا شہر میں رہتا تھا وہ کل شام نیچر کیور اور فلم نگر کے درمیان ریلوے لائن عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 60 سالہ نا معلوم شخص جو آج صبح حسین ساگر اور خیریت آباد کے درمیان ریلوے لائن پر پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق ایک 35 سالہ نا معلوم شخص ملک پیٹ اور کاچی گوڑہ کے درمیان پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔