حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے ٹرین حادثات اور ٹرین کے آگے خودکشی کے واقعات میں 4 افراد بشمول 2 خواتین ہلاک ہوگئیں جن میں ایک کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 20 سالہ سید توفیق جو مجید بنڈہ کونڈا پور علاقہ کے ساکن سید احمد کا بیٹا تھا، 2 اپریل کے دن ٹرین میں سفر کے دوران چلتی ٹرین سے مشتبہ طور پر گر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ سید توفیق ادگیر کے لئے پونا پیاسنجر ٹرین سے سفر کررہا تھا جس نے لنگم پلی ریلوے اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوا تھا۔ ریلوے پولیس سکندرآباد کے مطابق 28 سالہ سائی کمار جو پیشہ سے ٹیلر تھا، کندکور ضلع رنگاریڈی کا ساکن بتایا گیا ہے، کل اس نے الوال ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 45 سالہ آمینہ بی جو مقطعہ مدار صاحب علاقہ کے ساکن حسن عبداللہ کی بیوی تھیں ، یہ خاتون آج صبح کے اوقات میں نیکلس روڈ اور ایم ایس مقطعہ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق ایک خاتون جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ اپوگوڑہ اور یاقوت پورہ ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔ اس خاتون کی عمر تقریباً 42 سال بتائی گئی ہے۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔