ٹرین حادثات میں چار افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے ٹرین حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئے ۔ جن میں ایک کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 28 سالہ پرسنا جو لنگم پلی علاقہ کے ساکن پرساد کی بیٹی تھی کل چندا نگر اور حفیظ پیٹ کے درمیان ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 37 سالہ ششانک جو پیشہ سے خانگی ملازم اور فتح نگر میں رہتا تھا ۔ کل ڈیوٹی سے واپسی کے دوران ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں وہ ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 36 سالہ ملیش جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ ملک پیٹ میں رہتا تھا وہ کل ملک پیٹ کے علاقہ میں ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ عمدہ نگر ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک اور مزدور ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے یہ بات بتائی ۔ اس شخص کی عمر تقریباً 35 سال بتائی گئی ہے ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔

5.3 کیلو سونا کے ساتھ
9 مسافر گرفتار
شمس آباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کسٹمس عہدیداروں نے آج صبح جدہ سے آنے والی فلائیٹ نمبر SV754 کے مسافرین کی تلاشی لینے پر ان کے قبضہ سے 5.3 کیلو سونا برآمد ہوا ۔ تفصیلات کے بموجب جدہ سے آنے والے 9 مسافرین کی تلاشی لینے پر ان کے قبضہ سے 5.3 کیلو سونا برآمد ہوا جسے کسٹمس عہدیداروں نے اپنے قبضہ میں لیتے ہوئے 9 مسافرین سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے ۔ ایک اطلاع کے بموجب 9 میں سے صرف دو مسافرین کو ہی حراست میں لے کر ان سے مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں ۔