حیدرآباد ۔ 2 اگست (سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے مختلف ٹرین حادثات میں 5 افراد فوت ہوگئے۔ تاہم ان میں دو کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ ریلوے پولیس کاچیگوڑہ مطابق 30 سالہ محمد حنیف جو ہوٹل میں ملازم تھا، بی بی کا چشمہ علاقہ میں رہتا تھا۔ 30 جولائی کے دن وہ اپو گوڑہ اور فلک نما ریلوے لائن کے درمیان پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا جس کی علاج کے دوران کل رات موت ہوگئی۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 42 سالہ منیش کمار جو پیشہ سے مزدور تھا، حفیظ پیٹ علاقہ میں رہتا تھا۔ کل وہ بورابنڈہ کے علاقہ میں پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس سکندرآباد کے مطابق 45 سالہ سی ایچ نرسمہا جو کونڈا پور گھٹکیسر میں رہتا تھا، پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے۔ وہ گھٹکیسر کے علاقہ میں پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 45 سالہ نامعلوم شخص جو کل رات ہائی ٹیک سٹی اور مادھاپور کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس کاچیگوڑہ کے مطابق 40 سالہ نامعلوم شخص جو گذشتہ روز فلک نما ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا کہ ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔