ٹرین حادثات میں پانچ افراد بشمول دو خواتین ہلاک

حیدرآباد ۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے مختلف ٹرین حادثات میں 5 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئیں۔ تاہم ان میں صرف ایک کی شناخت ہو پائی ہے۔ ریلوے پولیس سکندرآباد ذرائع کے مطابق 60 سالہ وائی رنگم جو وینگل راؤ نگر کا ساکن تھا، گھٹکیسر کے علاقہ میں پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس کاچیگوڑہ کے سب انسپکٹر محمد ریاض کے مطابق ودیا نگر ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آئے ٹرین حادثہ میں ایک 32 سالہ شخص اور ایک 45 سالہ خاتون ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے جن کی شناخت نہیں ہوپائی ہے جبکہ کاچیگوڑہ میں پیش آئے دوسرے حادثہ میں ایک 36 سالہ نامعلوم خاتون دبیرپورہ اور فلک نما کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئی۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 30 تا 35 سالہ شخص جو بورابنڈہ کے علاقہ میں پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔