حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کاچی گوڑہ ۔ سکندرآباد اور نامپلی ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے ٹرین حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ جن میں ایک کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 30 سالہ سرینو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ باٹرم پلی علاقہ میں رہتاتھا ۔ سرینو جو کل ٹرین میں سفر کررہا تھا کہ آرٹس کالج کے علاقہ میں چلتی ٹرین سے مشتبہ طور پر نیچے گر کر ہلاک ہوگیا ۔ سکندرآباد ریلوے پولیس کے مطابق 55 سالہ جے رام جو پیشہ سے میستری تھا ایسٹ آنند باغ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 8 مئی کے دن وہ اپنے گھر کے قریب ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا کہ حادثہ پیش آیا اور ٹرین کے دھکہ سے شدید زخمی حالت میں زیر علاج میستری کل رات فوت ہوگیا ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 38 سالہ شخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے کل شام فتح نگر کے علاقہ میں پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔