ٹرین حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد /25 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر میں پیش آئے ٹرین حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے تاہم ان میں دو کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق بھر نگر کے علاقہ میں 45 سالہ شنمک راؤ جو پیشہ سے ڈرائیور تھا جواہر نگر یوسف گوڑہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ شخص بھرت نگر کے علاقہ میں نامعلوم ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق ایک 25 سالہ شخص جو کل ودیا نگر اور کاچی گوڑہ ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق 30 سالہ نامعلوم شخص جو کل جامعہ عثمانیہ اور ودیا نگر کے علاقہ میں ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
پڑوسن کی بدسلوکی سے
دل برداشتہ خاتون کی خودسوزی
حیدرآباد /25 مارچ ( سیاست نیوز ) پڑوسن کی بدسلوکی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودسوزی کرلی ۔ یہ واقعہ پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ میں پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 26 سالہ عمرانہ فاطمہ نے کل اپنے جسم پر کیروسن ڈالکر آگ لگالی تھی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ عمرانہ فاطمہ ، غوث نگر بنڈلہ گوڑہ علاقہ کے ساکن عقیل انصاری کی بیوی تھی ۔ اس خاتون کا جھگڑا اپنی پڑوسن رسول بی سے ہوا تھا ۔ اس دوران رسول بی پر الزام ہے کہ اس خاتون نے متوفی خاتون سے بدسلوکی کی اور کافی برا بھلا کہا جس سے دلبرداشتہ ہوکر عمرانہ نے خودسوزی کرلی ۔ پولیس چندرائن گٹہ مصروف تحقیقات ہے ۔