سینکڑوں افراد گوشہ محل پولیس گراؤنڈ سے رجوع، انیل کمار کی وضاحت
حیدرآباد ۔ /23 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے لوک عدالت کے انعقاد کی جھوٹی خبر سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ سوشیل میڈیا پر ایک وائرل میسیج گشت کروایا گیا جس میں /23 ڈسمبر کو ٹریفک پولیس کی جانب سے لوک عدالت کا انعقاد عمل میں لائے جانے اور اس کارروائی کے دوران زیرالتواء ٹریفک چالانات پر پچاس فیصد کی کمی کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔ وائرل میسیج اتنی شدت سے سوشیل میڈیا پر گشت کرایا گیا جس کے نتیجہ میں گوشہ محل پولیس گراؤنڈ پر سینکڑوں کی تعداد میں عوام پہونچی ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے بتایا کہ ٹریفک ونگ کے لوک عدالت کی خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہے اور بعض عناصر کی جانب سے یہ میسیج عمداً وائرل کیا گیا ۔ ٹریفک ونگ کی جانب سے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کے باب الداخلہ پر ایک بیانر بھی نصب کیا گیا تھا جس میں لوک عدالت کی تردید کی گئی ۔ مقامی شاہ عنایت گنج پولیس کے عملہ کو پولیس گراؤنڈ پر تعینات کیا گیا تاکہ چالانات کی یکسوئی کیلئے پہونچنے اور خبر جھوٹی ہونے پر برہمی ظاہر کرنے والوں کو روکا جاسکے ۔