ٹروٹ انگلش ٹیم میں واپسی کیلئے تیار

لندن۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش ٹیم کے سینئر بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کیلئے تیار ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ برس برسبین میں منعقدہ پہلے ایشیس ٹسٹ کے بعد ذہنی تناؤ کے باعث انہوں نے ڈرامائی انداز میں ٹیم سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ 33 سالہ جنوبی آفریقی نژاد سیدھے ہاتھ کے بیٹسمین نے اس تناؤ سے باہر نکلتے ہوئے کاؤنٹی کرکٹ میں واروِک شائر کے لئے بھی واپسی کرچکے ہیں۔ واپسی کے بعد کاؤنٹی کرکٹ میں ٹروٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ انہوں نے 4 سنچریاں اسکور کی ہیں، جس میں 2 سنچریاں کاؤنٹی چمپین شپ اور 2 سنچریاں 50 اوورس کے ونڈے کپ میں اسکور ہوئی ہیں۔ دریں اثناء ٹروٹ جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، جس پر انگلینڈ اور ویلس کرکٹ بورڈ نے انہیں سنٹرل کنٹراکٹ نہیں دیا۔ ٹروٹ نے 49 ٹسٹ مقابلوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے 46.75 کی اوسط سے 3,763 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں ان کے نام 9 سنچریاں بھی درج ہیں۔