ٹرمپ کے حکمنامہ کے بعد امارات ایرلائنز کے عملہ میں ردوبدل

دوبئی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی کی امارات ایرلائنز نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ نئے امریکی صدر کے ذریعہ سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی کے حکمنامہ کے پس منظر میں اس نے اپنی ایرلائنز کے عملہ میں کچھ ردوبدل کیا ہے حالانکہ صدر ٹرمپ کو اپنے اس متنازعہ فیصلہ کی وجہ سے ساری دنیا سے تنقیدوں کا سامنا ہے جبکہ خود امریکہ میں ہر طرف احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ عراق، شام، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن سے آنے والے شہریوں کو امریکہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا جبکہ 300 مسافرین ایسے ہیں جنہیں امریکہ کے سفر کے دوران درمیان میں ہی روک دیا گیا۔ امارات ایرلائنز کے بیان کے مطابق نئے امریکی حکمنامہ کے مطابق عملہ کے ارکان میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے اور وضاحت کی کہ امارات ایرلائنز کے عملہ کا کوئی بھی رکن نئے امریکی حکمنامہ سے متاثر نہیں ہوا ہے اور امریکہ کیلئے تمام پروازیں حسبِ معمول جاری ہیں۔