ٹرمپ کی ایماء پر غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام

بیت المقدس کو اسرائیل کا صدر مقام بنانے کا فیصلہ اشتعال انگیز : سدھاکر ریڈی
حیدرآباد ۔ 16 مئی (این ایس ایس) سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے بے رحمانہ قتل عام کی مذمت کی ہے۔ سی پی آئی لیڈر نے آج یہاں ایک صحافتی بیان میں کہا کہ ’’امرکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 14 مئی کو غزہ پٹی میں 58 فلسطینیوں کو ہلاک اور دیگر بے شمار افراد کو زخمی کرنے کیلئے مہلک (اسرائیلی) فورسیس کو اکسایا تھا‘‘۔ سدھاکر ریڈی نے فلسینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائی کو بربریت انگیز قرار دیا اور بے قصور فلسطینیوں کے بلاوجہ خون خرابہ پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔ یہ فلسطینی بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کے افتتاح کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ سی پی آئی لیڈر نے کہاکہ بیت المقدس کو یہودی مملکت کا صدر مقام تسلیم کرنے اور سفارتخانہ کو وہاں منتقل کرنے ڈسمبر کے دوران صدر ٹرمپ کے فیصلہ نے ساری دنیا اور بالخصوص اپنی سرزمین کی بازیابی کیلئے گذشتہ 70 سال سے جدوجہد کرنے والے فلسطینیوں کو مشتعل کردیا ہے۔ سدھاکر ریڈی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے قتل عام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کرے۔