ٹرمپ کا نیا حکمنامہ آئی ٹی کمپنیوں کو متاثر کرسکتا ہے، سلیکان ویلی فکرمند

واشنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کا اگلا نشانہ امیگریشن پالیسی کو وسعت دیتے ہوئے ورک ویزہ H-1B کے ذریعہ ان افراد پر روک لگانا ہے جو ہزاروں کی تعداد میں سلیکان ویلی میں آئے ہیں اور سلیکان ویلی کو بھی سب سے زیادہ خوف اس بات کا ہے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے عاملہ کا حکمنامہ فی الحال صرف ایک مسودہ کی صورت میں موجود ہے لیکن اگر اسے قانون سازی میں تبدیل کیا گیا تو پھر ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اعلیٰ ترین کمپنیاں کہلانے والی ایپل، مائیکرو سافٹ اور امیزن کو بھی اپنے یہاں کچھ نہ کچھ کاٹ چھانٹ کرنی پڑے گی کیونکہ عاملہ کے حکمنامہ کے مطابق تمام کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ ملازمتوں کی فراہمی کے معاملہ میں سب سے پہلے امریکی شہریوں کو ترجیح دیں لیکن اگر وہ کسی بیرونی ملازم کو ترجیح دیتے ہیں تو اس کیلئے معاوضہ کا بہترین نظم ہونا چاہئے۔ مسودہ کے مطابق امریکہ کی امیگریشن پالیسی اب سب سے زیادہ امریکی قومی مفاد پر توجہ دے گی۔ بلومبرگ نے مسودہ کی ایک نقل حاصل کی ہے جس میں یہ تمام باتیں درج ہیں۔ ٹرمپ کے  حکمنامہ سے نہ صرف H-1B ویزہ بلکہ  L-1 ، E-2 اور B1 ویزہ پروگرامس بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ جاریہ ہفتہ امریکہ نے سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی عائد کی ہے اور اس کے بعد سے ہی ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ  کمپنیوں نے امریکن سیول لبرٹیز یونین کے تئیں اظہاریگانگت کیا ہے اور نیویارک اور سان فرانسسکو ایئرپورٹس پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھی شرکت کی۔

ایران میں بالسٹک میزائیل کا تجربہ
واشنگٹن، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے درمیانی فاصلے کے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا جس سے تقریبا 1000 کلومیٹر کی دوری پر مار کیا جاسکتا ہے ۔یہ اطلاع آج امریکی حکام نے دی۔متعلقہ امریکی حکام نے بتایا کہ یہ تجربہ سمنان کے قریب کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی طرف سے اس طرح کا تجربہ آخری بار گزشتہ سال جولائی 2016 میں کیا گیا تھا۔