واشنگٹن ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے اعتراف کیا ہیکہ انھوں نے کیمپین فائنانس قوانین یعنی انتخابی مہم کے مالیاتی امور کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا ’انتخابی امیدوار‘ کی ایما پر کیا اور اس کا بنیادی مقصد انتخاب کے نتائج پر اثر انداز ہونا تھا۔مائیکل کوہن کا یہ اعتراف ان رقوم سے متعلق ہے جو صدر ٹرمپ نے اپنی مبینہ محبوباؤں کو خاموش رہنے کیلئے ادا کی تھی۔51 سالہ مائیکل کوہن نے استغاثہ کیساتھ ایک معاہدے میں ٹیکس اور بینک دھوکہ دہی سمیت آٹھ جرائم کا اعتراف کیا ہے۔ادھر جب صدر ٹرمپ منگل کی شام مغربی ورجینا میں ایک ریلی کیلئے پہنچے تو انھوں نے مائیکل کوہن کے حوالے سے سوالات کے جواب نہیں دیے۔