ٹرمپ اور چین کے اعلیٰ سفارتکاروں کے درمیان مختلف امور پر بات چیت

واشنگٹن، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلی بار چین کی قیادت کے ایک اعلی رکن کے ساتھ ملاقات کی ہے ۔وائٹ ہاؤس نے کے مطابق اس ملاقات کے دوران مشترکہ سیکورٹی مفادات پر بات چیت ہوئی اور مسٹر ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کی ممکنہ ملاقات کا امکان پیدا ہوا ہے ۔ چین کے اعلی سفارتکار اور اسٹیٹ قونصلر یانگ جچي نے قومی سلامتی کے نئے مشیر ایچ آر میک ماسٹر، ٹرمپ کے داماد اور سینئر مشیر جیرڈ کشنر اور وائٹ ہاؤس کے چیف اسٹریٹجسٹ ا سٹیو بینن سے ملاقات کے بعد مسٹر ٹرمپ سے مختصر ملاقات کی ۔امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مسٹر ٹرمپ اور مسٹر جن پنگ کی ممکنہ ملاقات کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا لیکن اس کیلئے ابھی کوئی وقت طے نہیں کیا گیا ہے ۔ افسر کے مطابق ملاقات تقریبا پانچ سے سات منٹ کی تھی۔واضح ر ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے امریکہ کے صدر بننے کے بعد سے تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین کے معاملے پر چین کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کیا تھا جس کے بعد امریکہ اور چین کے تعلقات میں مسلسل تلخی بڑھتی جا رہی تھی۔ تاہم تائیوان والے معاملے پر امریکہ نے بعد میں چین کی ون چائنا پالسي کی ہی حمایت کی جس سے تعلقات میں بہتری کے اشارے ملے ہیں۔