ٹرمپ اور مودی دنیا کے ’’ری ایکشنری‘‘ قائدین

کرناٹک میں گندی سیاست کا مقابلہ اچھی سیاست سے : راہول گاندھی
بنگلورو ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندرمودی اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کا تقابل کرتے ہوئے دونوں کو دنیا کا ’’ری ایکشنری قائدین‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ بیروزگار برہم نوجوانوں نے ان دونوں کو ووٹ دیکر انہیں برسراقتدار لایا تھا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس اس قابل ہیں کہ اپنی کارکردگی ظاہر کرسکیں کیونکہ ہندوستانی نوجوان ملک کے نظام پر برہم ہیں جہاں انہیں ملازمتیں حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مطلب یہ ہیکہ ہر مغربی ملک میں چند لاکھ عوام ایسے ہیں جنہیں ملازمت نہیں ملتی چنانچہ انہوں نے ٹرمپ کو ووٹ دیا۔ اس طرح ہندوستان میں مودی اور امریکہ میں ٹرمپ برسراقتدار آئے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جب تک ہندوستان روزگار کے مسئلہ کو حل نہیں کرلیتا اور مؤثر انداز میں چین کے ساتھ مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہوجاتا ہمیں سماج میں ایسی ہی برہمی نظرآتی رہے گی۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ ہندوستان چین کے ساتھ مقابلہ نہیں کرسکتا کیونکہ اس کی پوری توجہ ملازمتوں کی فراہمی پر جن کی تعداد 10 تا 15 ہے فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ غیرمنفعت بخش اثاثہ جات کا تجزیہ کریں تو ان کی مالیت 10 لاکھ کروڑ روپئے ہوتی ہے۔ آپ دیکھیں گے کہ بنیادی طور پر یہ 10 تا 15 افراد کے اثاثے ہیں۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ چھوٹے اور اوسط درجہ کے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے کیونکہ ان سے کثیر تعداد میں ملازمتیں فراہم ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشرفت کا راستہ سیاست کرنا نہیں بلکہ چھوٹے اور اوسط کاروباروں تک رسائی حاصل کرنا ہے تاکہ مکان، پارلیمنٹ، اسمبلیاں کارکرد بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آج جو کچھ ہورہا ہے پارلیمنٹ کے اختیارات بنیادی طور پر وزیراعظم کے دفتر کے قبضہ میں جارہے ہیں اور 5 تا 6 سرکاری عہدیدار ان پر قبضہ کئے ہوئے ہیں۔ ہمیں پارلیمنٹ کے اختیارات بحال کرنے ہوں گے۔ وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جس میں انہوں نے سمرودھی بھارت فاؤنڈیشن کا آغاز کیا تھا۔ یہ ایک پلیٹ فام ہے جہاں سے فراخ دلی، سیکولرازم اور جمہوری اقدار کی ملک گیر سطح پر تشہیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ٹرسٹیز میں نامور فلم ڈائرکٹر جیسے شیام بنیگل اور نامور سپریم کورٹ ایڈوکیٹ کے ٹی ایس تلسی شامل ہیں۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا کہ ان پر بی جے پی کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے حالانکہ خود بی جے پی نے بدعنوان ریڈی گروہ کو انتخابی ٹکٹ دیئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کے امیدوار جو کرناٹک اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں، عوام کی خدمت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کرناٹک میں اچھی سیاست کا مقابلہ گندی سیاست سے ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہیکہ بی جے پی بدعنوان ریڈی گروہ کے ارکان کو ٹکٹ دے رہی ہے کیونکہ وہ گندی سیاست میں یقین رکھتی ہے۔