ہندوستان بولنگ اور بیٹنگ میں بہتری کے ساتھ نئی شروعات کا خواہاں
برسبین۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹرائی سیریز کرکٹ کے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ہندوستان کل یہاں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے انٹرنیشنل میچ سے ایک شروعات کرنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لئے وہ اپنی بولنگ کی خامیوں کو دور کرتے ہوئے بیٹنگ کو مضبوط بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ دونوں ہی ٹیمیں برسبین میں اپنے لئے اس ٹورنمنٹ کی پہلی کامیابی درج کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ میزبان (آسٹریلیا) پہلے ہی سے لگاتار دو کامیابیاں چھین چکے ہیں۔ آسٹریلیا نے جمعہ کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کو 3 وکٹس سے شکست دیا تھا۔ بعدازاں اتوار کو ملبورن میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے ہندوستان کو 4 وکٹس سے شکست دی۔ میزبانوں نے پہلے کھیل میں ایک بونس پوائنٹ حاصل کیا اور دو کھیلوں بعد وہ 9 پوائنٹس کے ساتھ کافی مضبوط اور آرام دہ موقف پر پہونچ چکے ہیں۔ اس سیریز کو مجوزہ ونڈے ورلڈ کپ کیلئے ریہرسل سمجھا جارہا ہے چنانچہ یہ دونوں ٹیمیں ہند اور انگلینڈ اس میچ میں کامیابی کے لئے بے چین ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ہندوستان کے پاس خود کو تسلی دینے کی کچھ گنجائش ہے کیونکہ انہوں نے ایک مرحلہ پر میزبانوں کو شکست سے بہت قریب پہونچا دیا تھا۔ آسٹریلیا کے بیٹسمین خود اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں انگلینڈ کے خلاف بونس پوائنٹس کے حصول کی کوشش میں میڈل آرڈر کے بیٹسمین سے جلد محروم ہونا پڑا تھا، لیکن ہندوستانی بولنگ کے آگے ان کی کئی مرتبہ ناکامی محض اتفاق نہیں تھی۔ دو بولرس بھونیشور کمار اور اگزر پٹیل نے آسٹریلیا کے رن ریٹ کو محدود کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جو ہندوستانی ٹیم کے لئے کافی مثبت ثابت ہوا۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر اگزر جنہوں نے یہاں اپنے بین الاقوامی کھیل کا پہلی مرتبہ آغاز کیا تھا اور کپتان ایم ایس دھونی کو اپنے کھیل سے کافی متاثر کیا جنہوں نے ان کے لئے مزید چند اوور محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا اور پھر پٹیل کو واپس لاتے ہوئے آخری اوورس دیئے گئے تھے۔ ہندوستانی ٹیم بہرحال کل کے میچ میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ گزشتہ دو سال کے دوران انگلینڈ کے خلاف ونڈے انٹرنیشنل میچوں میں ہندوستان کا ریکارڈ بہتر رہا ہے۔ 2011ء کے دورہ کے موقع پر ہندوستان کو ایک کامیابی بھی حاصل نہیں ہوئی تھی، لیکن 2013ء اور 2014ء کے دوران انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے 15 ونڈے انٹرنیشنل میچوں کے منجملہ 12 میچوں میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔