ابوظہبی۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے اپنے ٹسٹ کریئر کی پہلی سنچری اسکور کی ہے جس کے باوجود پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 566/3 کے جواب میں مہمان ٹیم 262 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ لیتھم نے 222 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے جبکہ میڈل آرڈر میں اینڈرسن (48) اور واٹلنگ (42) کے علاوہ دیگر کوئی بیٹسمین بہتر مظاہرہ نہیں کرپایا۔ پاکستان کیلئے راحت علی نے 17 اوورس میں 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ذوالفقار بابر نے 27/3 اوورس میں 79 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فالو آن نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور تیسرے دن کھیل کے اختتام پر بغیر کوئی وکٹ کے 15 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اس طرح اسے مقابلہ میں مجموعی طور پر 319 رنز کی شاندار سبقت حاصل ہوچکی ہے جس کی بدولت نیوزی لینڈ کے علاوہ پہلے ٹسٹ میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔