ٹاملناڈو کے حلقہ اسمبلی رادھا کرشنا نگر میں انتخابی مہم کا اختتام

چینائی۔/25جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) حلقہ اسمبلی رادھا کرشنا نگر میں آج شام انتخابی مہم اختتام پذیر ہوگئی جہاں پر چیف منسٹر جیہ للیتا اور سی پی آئی امیدوار سی مہیندرن کے درمیان ٹکر کا مقابلہ ہوگا۔ اس حلقہ میں ضمنی انتخابات27جون کو منعقد ہوں گے۔ اگرچیکہ انتخابی مقابلہ میں 28امیدوار قسمت آزمارہے ہیں لیکن اصل مقابلہ جیہ للیتا اور سی پی آئی امیدوار سی مہیندرن کے درمیان رہے گا جنہیں پارٹی کامریڈس چیف منسٹر کہہ کر مخاطب کرتے ہیں اور انہیں سی پی ایم کی تائید بھی حاصل ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی 30جون کو عمل میں آئے گی۔ انتخابی مہم کے دوران تاملناڈو کے تمام وزراء اور سینئر اے آئی اے ڈی ایم کے قائدین نے رائے دہندوں سے فرداً فرداً ملاقات کرکے اماں ( جیہ للیتا ) کو وٹ دینے کی گذاشر کی۔ جیہ للیتا نے ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران صرف دوجلسوں سے مخاطب کیا اور انتخابی وعدوں پر عمل آوری کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایک خصوصی گاڑی سے مخاطب کیا جس میں مائیکروفون نصب تھے۔ انا ڈی ایم کے سربراہ نے انتخابیمہم کے دوران اپوزیشن بشمول کٹر حریف ڈی ایم کے کے خلاف تنقیدوں سے گریز کیا اور چار سالہ دور حکومت میں مختلف شعبوں میں کامیابیوں کو اُجاگر کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتیں انتخابی مقابلہ سے فرار ہوگئیں کیونکہ وہ انا ڈی ایم کے کو شکست دینے کی جرأت نہیں رکھتیں۔ تاہم سی پی ایم امیدوار مہیندرن نے رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے مقامی مسائل پر توجہ مرکوز کی۔ چیف منسٹر جیہ للیتا کی بحیثیت رکن اسمبلی انتخاب کیلئے پارٹی لیڈر پی ویڈرول نے شمالی چینائی حلقہ سے استعفی دے دیا تھا جس کے باعث یہاں ضمنی انتخابات ناگزیر ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں جیہ للیتا نے غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں سزائے قید سنائے جانے کے بعد چیف منسٹر کے عہدہ اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔ تاہم کیس میں منسوبہ الزامات سے بری قرار دیئے جانے کے بعد 23مئی کو دوبارہ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھال لیا اور دستوری تقاضہ کے مطابق انہیںاندرون6ماہ اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنا ہوگا۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے پرامن رائے دہی کیلئے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ 230 پولنگ بوتھپس میں سے 22کو انتہائی حساس قرار دیا گیا اور مقامی پولیس سے تعاون کیلئے مرکزی فورسیس کو طلب کرلیا گیا ۔ اوپینین پولس اور اکزٹ پولس کے نتائج کی اجرائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔