ٹاملناڈو میں کانگریس لیڈر کے پاس انتخاب لڑنے پیسہ نہیں

چینائی 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ہند کی ریاست ٹاملناڈو میں جہاں دراویڈین پارٹیاں انا ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے اپنی انتخابی مہم پر بے تحاشہ رقومات خرچ کررہی ہیں وہیں کانگریس کی انتخابی مہم کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ انا ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے نے فلم اسٹاروں کی مدد سے بھی اپنی مہم کو چار چاند لگادیئے ہیں۔ لیکن کانگریس کے قائدین پیسے کی کمی کے باعث مہم میں پیچھے ہیں۔ 24 اپریل کو ٹاملناڈو میں لوک سبھا انتخابات کے لئے رائے دہی ہوگی۔ انتخابی مہم کے لئے صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں لیکن کانگریس کے امیدواروں نے پمفلٹس بھی شائع نہیں کروائے۔ ٹی این بھارت نچپن کانگریس امیدوار مدورائی حلقہ لوک سبھا نے بتایا کہ اگر آل انڈیا کانگریس کمیٹی انتخابی مہم کے لئے مناسب فنڈ جاری کرتی ہے تو یہ ہمارے لئے بہتر ہوگا۔ کانگریس امیدواروں کے پاس معمول کی مہم چلانے کے لئے بھی پیسہ نہیں ہے۔ بعض امیدوار اور چینائی کے سابق لوک سبھا رکن جن کے فرزند کو نامزد کیا ہے، کہاکہ پارٹی نے معمول کے مطابق فنڈ جاری کرنے سے انکار کرکے بھی ہمیں حیران کردیا ہے۔ اِسی لئے ٹاملناڈو میں کانگریس قائدین کو انتخابات میں کام کرنا مشکل ہوگیا ہے۔