چینائی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں دریائے کاویری پر ایک نئے ڈیم کی تعمیر کے خلاف آج ٹاملناڈو میں کسانوں نے ایک روزہ بند منایا۔ اس بند کو اپوزیشن جماعتوں اور ٹریڈ یونینوں کی تائید حاصل رہی۔ اگرچیکہ ڈیلٹا علاقہ میں بند کامیاب رہا لیکن ریاست کے دیگر علاقوں میں بند کا خاص اثر نہیں دیکھا گیا۔ کانفیڈریشن کمیٹی آف آل فارمرس اسوسی ایشن کی اپیل پر ڈیلٹا علاقہ میں دکانات اور تجارتی ادارے بند رکھے گئے جہاں پر آبپاشی کا انحصار دریائے کاویری کے پانی پر ہے۔ تاہم بیشتر علاقوں میں عوامی اور خانگی ٹرانسپورٹ سرویس حسب معمول چلائی گئی جبکہ روڈ اور ریل روکو احتجاج کیا گیا اور چینائی شہر میں بیشتر دوکانات اور دفاتر کارکرد رہے۔ تاہم کاویری ڈیلٹا اضلاع بشمول تنجاور، تریچاایلی اور نریورڈ، ناگاپٹنم اور کڈلورو میں تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہوگئیں۔ ڈی ایم کے، ڈی ایم ڈی کے، پی ایم کے، کانگریس اور بائیں بازو جماعتوں نے بند کی تائید کی۔