ٹاملناڈو اپوزیشن کی صدر کووند سے نمائندگی

پلانی سوامی حکومت کو اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت دینے کی استدعا
نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیاں ٹاملناڈو اسمبلی میں عددی طاقت ثابت کرنے کے مطالبہ کے ساتھ آج صدرجمہوریہ سے رجوع ہوئیں اور دعویٰ کیاکہ ریاست کی پلانی سوامی حکومت 19 آل انڈیا انا ڈی ایم کے ارکان اسمبلی کی جانب سے تائید سے دستبرداری کے بعد اقلیت میں آچکی ہے۔ ڈی ایم کے، کانگریس، سی پی آئی (ایم) اور سی پی آئی کے اپوزیشن قائدین کے وفد نے صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں ایک یادداشت حوالے کی۔ اِس وفد میں کانگریس قائد آنند شرما، سی پی ایم کے سیتارام یچوری، ڈی ایم کے قائدین کنی موزی اور تیروچی سیوا، سی پی آئی کے ڈی راجہ شامل تھے۔ وفد نے صدر سے اپیل کی کہ گورنر ٹاملناڈو سی ایچ ودیا ساگر راؤ کو اسمبلی میں عددی طاقت کی آزمائش کرانے کی ہدایت دیں۔ ڈی ایم کے نے یہ اقدام اِس پس منظر میں کیا ہیکہ گورنر نے مبینہ طور پر فلور ٹسٹ سے متعلق اُس کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ کنی موزی نے صدر سے ملاقات کے بعد بتایا کہ 19 ایم ایل ایز میں سے ہر ایک نے گورنر کو مکتوب پیش کرتے ہوئے اپنی تائید کی دستبرداری سے واقف کرایا ہے ۔ ہم اِسے پارٹی کا داخلی معاملہ نہیں کہہ سکتے۔ جب پنیر سیلوم نے فلور ٹسٹ کا تقاضہ کیا تھا تب گورنر نے مثبت اقدام کیا تھا۔