ٹائی زخمی رچرڈسن کے مقام پر آسٹریلیائی ٹیم میں شامل

بنگلورو۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کے دورہ پر موجود آسٹریلیائی ٹیم کے فاسٹ بولر کین رچرڈسن زخمی ہوکر ہندوستان کے خلاف محدود اوورس کی رواں سیریز سے باہر ہوچکے ہیں جس کے بعد ان کے مقام پر دوسرے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کو شامل کرلیا ہے۔ رچرڈسن دوسرے ٹوئنٹی 20 مقابلے سے قبل نیٹ پریکٹس کے دوران زخمی ہوئے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے فزیو ڈیوڈ بیکلی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ رچرڈ سن نے بائیں جانب تکلیف کی شکایت کی اور بدقسمتی سے وہ اس تکلیف سے مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں لہذا انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل وہ مکمل صحت یاب ہوسکیں۔