سینئر باکسر ولادیمیر کلچکو کو 2004 کے بعد پہلی شکست کا سامنا
برلن 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے ٹائسن فیوری نے ولادیمیر کلچکو کے خلاف متفقہ پوائنٹس کی اساس پر کامیابی حاصل کی اور وہ باکسنگ میں نئے عالمی ہیوی ویٹ چمپئن بن گئے ۔ 27 سالہ فیوری کو ڈوسیل ڈورف میں کل ہوئے مقابلہ میں ججس نے پوائنٹس کی اساس پر کامیاب قرار دیا ۔ ولادیمیر کلچکو نے اب تک ڈبلیو بی اے ‘ آئی بی ایف ‘ آئی بی او اور ڈبلیو بی او خطاب اور بیلٹس حاصل کئے تھے ۔ کل رات ہوئے مقابلہ میں انہیں 2004 کے بعد اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ نئے چمپئن فیوری نے اپنی کامیابی پس مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خدا اور حضرت یسوع مسیح کا شکر ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے انہیں یہ کامیابی دلائی ہے ۔ فیوری اس کامیابی پر جذبات سے مغلوب ہوگئے اور اپنے آنسو نہیں روک سکے ۔ فیوری اب تک کے اپنے تمام 25 پروفیشنل مقابلے جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لمحہ کیلئے انہوں نے روزآنہ ہی سخت محنت کی ہے ۔ یہ کامیابی ان کیلئے خواب کا شرمندہ تعبیر ہونا ہے ۔ کلچکو نے کہا کہ حالانکہ میچ کے معاہدہ میں دوبارہ مقابلہ کی گنجائش بھی موجود ہے لیکن ابھی سے ریٹائرمنٹ کے تعلق سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔ انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ طویل القامتی کے باوجود ٹائسن فیوری میں جو تیزی اور پھرتی تھی وہ اس سے حیرت کا شکار ہیں۔ کلچکو نے جو جاریہ سال مئی میں 40 سال کے ہوگئے کہا کہ انہوں نے حالانکہ اچھی تیاری کی تھی تاہم ان کی رفتار آج بہت کم رہی اور یہ بھی حقیقت ہے کہ انہیں فیوری سے زیادہ رفتار کی امید نہیں تھی ۔