وی کے سنگھ غازی آباد سے امیدوار،بی جے پی میں ناراضگی

نئی دہلی ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ کو لوک سبھا حلقہ غازی آباد سے امیدوار نامزد کیا ہے ۔ پارٹی کے موجودہ صدر راج ناتھ سنگھ اس حلقہ کی نمائندگی کر رہے تھے۔ پارٹی نے آج یہ رسمی اعلان کیا اور امیدواروں کی فہرست جاری کی جس میں شیبھون لنگدو کا بھی نام شامل ہے، انہیں لوک سبھا حلقہ شیلانگ سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ راج ناتھ سنگھ کو لکھنو منتقل کرنے کے بعد یہ نشست وی کے سنگھ کو دی گئی ہے اور انہیں کانگریس کے اداکار سے سیاستداں بننے والے راج ببر اور عام آدمی پارٹی امیدوار شاذیہ علمی سے مقابلہ ہوگا۔ تاہم غازی آباد میں بی جے پی کارکنوں کی کثیر تعداد نے انہیں امیدوار نامزد کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔

بی جے پی میں داخلی اختلافات آج اس وقت منظر عام پر آگئے جب نہ صرف وی کے سنگھ بلکہ چندی گڑھ سے کرن کھیر کو امیدوار نامزد کرنے کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر واقع نئی دہلی پر دیگر کئی امیدواروں کے حامیوں نے بھی ٹکٹ سے محروم کئے جانے پر مظاہرے کئے اور سینئر پارٹی قائدین کے خلاف نعرے لگائے۔ بی جے پی کارکنوں کی کثیر تعداد نے سابق فوجی سربراہ جنرل وی کے سنگھ کو بیرونی قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا۔ انہوں نے وی کے سنگھ کی نامزدگی کی شدید مخالفت کی ۔ کل بھی غازی آباد میں ان کے خلاف نعرے لگائے گئے تھے۔ امروہہ سے ایک امیدوار کے حامیوں نے بی جے پی ہیڈکوارٹر باہر دھرنا منظم کرتے ہوئے پارٹی قیادت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بی جے پی ترجمان پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ اس طرح کے مظاہرے عارضی ردعمل ہیں اور تمام کارکن متحدہ طور پر پارٹی سرکاری امیدواروں کی مہم میں حصہ لیں گے۔کرن کھیر جب پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے چندی گڑھ پہنچی تو بی جے پی کارکنوں نے سیاہ پرچم لہرائے اور ان کے قافلہ پر انڈے پھینکے۔ انہوں نے کرن کھیر کو بیرونی قرار دیتے ہوئے ناراضگی ظاہر کی۔