وی آر او و وی اے او عہدوں پر تقررات

حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں وی آر او اور وی اے او کے تقررات کی راہ ہموار ہوتے ہی مختلف سطح پر نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ محکمہ مال کے بموجب ر یاست میں 7776 جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ بہت جلد ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کا آغاز ہوگا ۔ حکومت کے محکمہ بی سی ویلفیر کی جانب سے 22 تربیتی مراکز پر بی سی طلبہ کو تربیت کی فراہمی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ محکمہ بی سی ویلفیر کے ذریعہ فراہم کی جانے والی اس تربیت سے بی سی ( ای ) زمرے میں شامل مسلم نوجوان بھی استفادہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ اعلامیہ کے بموجب 2 جنوری 2014 درخواست کے ادخال کیلئے آخری تاریخ ہے ۔

خواہش مند نوجوان اے پی بی سی اسٹڈی سرکل میں آن لائن داخلہ حاصل کرکے اس کا حصہ بن سکتے ہیں ۔ 30 روزہ تربیتی پروگرام کلاسیس کا آغاز 3 جنوری سے ہوگا اور ایک لاکھ سے کم آمدنی والے طلبہ کو اس میں داخلہ دیا جائیگا ۔ اس کورس میں داخلہ کے خواہش مند نوجوان بی سی ویلفیر کی ویب سائٹ apfcwelfare.cgg.gov.in پر معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ محکمہ بی سی ویلفیر کی جانب سے پسماندہ طبقات کو سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے جس انداز میں کوششیں کی جارہی ہیں اگر محکمہ اقلیتی بہبود بھی اسی نہج پر اقدامات کا آغاز کرے اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مختصر مدتی کورسس کے آغاز کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کو تربیت کی جائے تو کئی مسلم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے حصول میں مدد کی جاسکتی ہے ۔

محکمہ اقلیتی بہبود سے نمائندگیاں کی جاچکی ہیں تاکہ مسلم نوجوانوں کی تربیت کا انتظام ہوسکے ۔ وی آر او تقررات کیلئے تحریری امتحانات کی تیاری سے نوجوانوں کو تربیت سے فائدہ ہوگا ۔ تربیت کے حصول کے بعد اگر بادل نخواستہ وی آر او تقرر نہیں ہوتا ہے تو نوجوان دیگر مسابقتی امتحانات میں شرکت کیلئے تیار ہوسکتے ہیں ۔ محکمہ اقلیتی بہبود اگر فوری بی سی ویلفیر کے طرز پر وی آر او اور وی اے او امتحانات کی تربیت فراہم کرتا ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔