حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : وی آئی پی انٹریشنل اسکول کے ڈائرکٹر مجتبیٰ خان عامر اور طلبہ وطالبات کا گروپ ناسا کے دورہ سے واپس ہوا ۔ گروپ نے امریکہ کے مختلف علاقوں کینڈی اسپیس سنٹر ، نیویارک ، واشنگٹن ڈی سی ، آرلانڈ ، ڈزنی لینڈ ، یونیورسل اسٹوڈیو ، ہرشیس چاکلیٹ فیکٹری ، اسٹائچیو آف لبرٹی اور نیاگرا فالس میں سائنسی ترقی کے مشاہدات سے اپنی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ۔ نیویارک شہر میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر ، اسٹائچیو آف لبرٹی اور وال اسٹریٹ اور 80 منزلہ ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کابھی مشاہدہ کیا جو دنیا کی بلند ترین عمارتوں میں شمار ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ امریکہ کی مشہور ریاست بفیلو میں دنیا کی مشہور ترین چاکلیٹ بنانے والی فیکٹری ، ( ہرشیس چاکلیٹ فیکٹری ) کا بھی دورہ کیا ۔ دنیا کے مشہور اور سب سے بڑے آبشار نیاگرا فالس کا دورہ کیا اور Maid of Mlst نامی کشتی میں سفر کیا ۔ اس کے علاوہ امریکہ کے صدر مقام واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاوز ، ابراہام لنکن میموریل کا اور نیشنل ایر اینڈ اسپیس میوزیم کا بھی مشاہدہ کیا ۔ امریکہ کی ریاست آرلانڈو میں کینڈی اسپیس سنٹر ناسا میں ہونے والی سائنسی سرگرمیوں ، اسپیس میں اور دیگر سیاروں میں جانے والی مختلف راکٹس کا مشاہدہ کیا ۔ اس موقع پر مشہور خلا باز ڈان تھامس نے طلباء وطالبات کا خیر مقدم کیا ۔ اس طرح گروپ نے مطالعاتی اور تفریحی دورہ سے 28 مئی کو رات حیدرآباد واپس ہوا ۔۔