ویلنگٹن۔یکم ڈسمبر(سیاست نیوز) نیل ویگنر نے 39 رنز کے عوض سات وکٹیں کے اننگز میں بہترین کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن میچ میں اپنا موقف مستحکم کرلیا ہے۔میزبان ٹیم نے دن کے اختتام تک دو وکٹ بھی گنوائے اور وہ فی الحال حریف ٹیم سے49 رنز پیچھے ہے ۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کو 45.4 اوورس میں134 پر ہی ڈھیر کر دیا۔ویسٹ انڈیز کیلئے کیرون پاویل نے42 رنز کی بڑی اننگز کھیلی جبکہ پانچ بیٹسمینں تو دوہرے ہندسے تک بھی نہیں جا سکے ۔ونڈیز کی اننگز کو سستے میں نمٹانے کا کام ویگنر نے کیا جنہوں نے14.4 اوور میں محض39 رنز دے کر ویسٹ انڈیز کے سات کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ٹرینٹ بولٹ نے 16 اوور میں36 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اگرچہ واپسی کی اچھی کوشش کی اور نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں دن کے اختتام تک دو وکٹ نکال لیے ۔اوپنر ٹام لاتھم نے 87 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے لگا کر 37 رن بنائے جنہیں جیسن ہولڈر نے کیمر روچ کے ہاتھوں کیچ کیا جبکہ کپتان کین ولیمسن کو روچ نے ایک رن ہی بنانے دیا اور68 رنز پر نیوزی لینڈ کے دو وکٹ نکال لیے ۔ جیت راول 29 رن اور راس ٹیلر 12 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔