آکلینڈ ، 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ 2015 ء کے ساتھ ہی ایک اور دمکتا ستارہ کرکٹ کے افق سے غروب ہو گیا۔ اسٹار کیوی آل راؤنڈر ڈانیل ویٹوری نے وطن واپسی پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ وہ ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے پہلے ہی سبکدوش ہوگئے تھے۔ نیوزی لینڈ کے اسٹار نے یہ اعلان آج یہاں آکلینڈ ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ویٹوری نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کا فائنل اُن کے ونڈے کرکٹ کیرئیر کا آخری میچ ہوگیا۔ کیوی آل راؤنڈر نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنل کھیل کر کیرئیر کا اختتام باعث فخر ہے۔ ویٹوری نے کرکٹ کے میگا ایونٹ میں چھ ہفتوں تک شائقین کی نیوزی لینڈ کے ساتھ بھرپور وابستگی کا شکریہ ادا کیا۔ 36 سالہ ویٹوری نے اس عالمی کپ میں 15 شکار کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ویٹوری نے اپنے 18 سالہ ونڈے کیرئیر میں 295 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 4 نصف سنچریوں سمیت 17.33 کی اوسط سے 2253 رنز بنائے۔ ویٹوری نے اپنی اسپن صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 305 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ورلڈ کپ کا فائنل ویٹوری کے کیرئیر کا آخری میچ تھا جو نیوزی لینڈ کی جیت کی صورت میں اُن کیلئے یادگار بن جاتا۔ ویٹوری ونڈے کیرئیر میں 300 سے زائد وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ رنز بنانے میں بھی پیچھے نہ رہے۔ ویٹوری نے ٹسٹ کرکٹ کے میدان میں بھی کیویز کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیاہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں زائد از 4 ہزار رنز بنائے اور وکٹیں لینے میں تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹی 20 میں بھی ویٹوری اپنی پرفارمنس سے حریفوں کو پریشان کرتے رہے۔ بطور کپتان اسٹیفن فلیمنگ کا جانشین بننے کے بعد ویٹوری نے نیوزی لینڈ کی 2011ء تک 32 ٹسٹ اور 82 ونڈے میچز میں قیادت کی۔