ویٹرکے مشورے سے سچن کی بیٹنگ خامی دور ہوئی

ممبئی ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) سچن تنڈولکر کو ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ حاصل ہے اور اس ریکارڈ کو توڑنا آسان ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی دکھائی دیتا ہے۔یہ جان کر حیرت ہوگی کہ سچن کو اپنے کیریئر میں بیٹنگ کے دوران ایک ایسے مسئلے کا سامنا تھا جس سے وہ لاعلم تھے لیکن انھیں ایک ہوٹل کے بیرے نے اس کی طرف توجہ دلائی جس کے باعث وہ اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔ انٹرویو میں سچن  نے انکشاف کیاکہ اگرآپ کھلے ذہن کے مالک ہیں تو آپ بہت سی خامیوں کو بہتر کرسکتے ہیں۔سچن  نے کہا کہ ایک مرتبہ چنائی کے ہوٹل میں ایک بیرا میرے پاس آیا اور کہا ‘اگر آپ برانہ منائیں اور ناراض نہ ہوں تو میں آپ سے کچھ کہنا چاہتا ہوں، میں نے ان سے بات کو جاری رکھنے کو کہا تو وہ کہا کہ میری کہنی میں لگا ہوا گارڈ میرے بیٹ کو گھومنے سے روکتا ہے اوراسکی یہ بات صد فیصد درست تھی۔ سچن نے اس کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنے کہنی کے گارڈ کو ازسرنو ترتیب دیا۔سچن نے کہا کہ میں جانتا تھا کہ مجھے دشواری پیش آرہی ہے لیکن میں نے کبھی اپنے طورپر ایسا نہیں سوچا تھا اور چند برسوں بعد میری کہنی پر کئی مرتبہ چوٹ لگی اور اس سے درد محسوس ہوا تو تب مجھے احساس ہوا کہ میں میری کہنی کا گارڈ ٹھیک نہیں ہے۔ٹسٹ کرکٹ میں 51 اور ونڈے کرکٹ میں 49 سنچریوں کا ریکارڈ بنانے والے سچن  نے ہوٹل کے بیرے کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اس خامی کو دور کیا۔