ممبئی ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دلیپ وینگسرکر کو آج بی سی سی آئی نے لیفٹننٹ سی کے نائیڈو کارنامہ حیات ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے جبکہ بھونیشور کمار کو بہترین بین الاقوامی کھلاڑی کا ایوارڈ دیا جائے گا جیسا کہ 31 نومبر کو بی سی سی آئی کے آٹھویں سالانہ ایوارڈس کی تقریب یہاں منعقد ہوگی۔ ہندوستان کے ایک بہترین بیٹسمین تصور کئے جانے والے وینگسرکر جنہوں نے 1973 تا 1991ء ہندوستان کی نمائندگی کی ہے اور انہیں اس ایوارڈ کیلئے کمیٹی نے منتخب کیا ہے اور کمیٹی میں سینئر صحافی شیکھر گپتا، بی سی سی آئی کے عبوری صدر شیولال یادو اور اعزازی سکریٹری سنجے پٹیل شامل ہیں۔ وینگسرکر 1983ء کی ہندوستانی ٹیم کے رکن بھی ہیں جس نے پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ علاوہ ازیں میڈیم فاسٹ بولر بھونیشور کمار کو پالی امریگر ٹرافی کیلئے منتخب کیا گیا ہے جوکہ 2013-14ء سیزن میں ہندوستان کیلئے بہترین بین الاقوامی کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں اور انہیں اس ایوارڈ کے ہمراہ 5 لاکھ روپئے کا چیک دیا جائے گا۔