وینکیا نائیڈو کی نرمان بھون میں سرپرائز ویزٹ

اسٹاف غیر حاضر ، عمارت کا مینٹننس ناقص ، کینٹین ، بیت الخلاء گندے
نئی دہلی ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی وزیر ہاوزنگ و شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے آج اپنی وزارت کا غیر معلنہ ( سرپرائز ویزٹ ) دورہ کیا ۔ اور وہاں یہ دیکھ کر انہیں مایوسی ہوئی کہ عہدیدار ڈیوٹی پر تاخیر سے آرہے ہیں جب کہ دفتر کا میٹننس بھی انتہائی لاپرواہی کا شکار ہے ۔ وزارت کے ہیڈ کوارٹرس نرمان بھون میں مسٹر نائیڈو ضبح 9 بجے پہنچ گئے اور مختلف افسران اور ان کے ماتحتوں کے کمروں کا دورہ کیا ۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے عمارت کی راہداریوں اور شہری امور سے متعلق محکمہ جات اور یہاں تک کہ کینٹین اور بیت الخلاء کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے دیکھا کہ مختلف افسران اور رپورٹنگ اسٹاف کے کمرے خالی پڑے ہیں

کیوں کہ وہ اس وقت تک وہاں نہیں آئے تھے ۔ انہوں نے دیکھا کہ راہداریوں میں برقی تار لٹک رہے ہیں اور غیر استعمال شدہ اور بیکار اشیاء کو یوں ہی کھلی جگہ پر ڈال دیا گیا تھا ۔ تقریبا نصف گھنٹے تک وہاں رہنے کے بعد وینکیا نائیڈو نے انتہائی دکھ کا اظہار کیا کہ عمارت کا کوئی سیکشن ایسا نہیں ہے جسے دیکھ کر انہیں خوشی ہو جس کے بعد انہوں نے شہری ترقیاتی سکریٹری سدھیر کرشنا کو اور دیگر سینئیر عہدیداروں کو طلب کیا اور عہدیداروں کے تاخیر سے دفتر آنے اور عمارت کے ہر سیکشن کے ناقص مینٹننس پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر دفتر کا ماحول ایسا ہونا چاہئے جہاں نہ صرف کام کرنے والے بلکہ وزیٹرس بھی آکر خوشی محسوس کریں ۔ دفتر میں جب کام کاج کا ماحول ہی نہیں ہوگا تو پھر خوشی کس بات کی ؟ انہوں نے کہا کہ کوتاہیوں کے مرتکب اسٹاف کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور کارروائیوں کے بارے میں انہیں ( نائیڈو ) لا علم نہ رکھا جائے ۔۔