ٹی آر ایس ایم ایل سی سے گینگسٹر کے تعلقات کا انکشاف ‘ ایف آئی آر درج
حیدرآباد 22 اگسٹ (سیاست نیوز) خطرناک گینگسٹر بھونگیر نعیم کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد کئی سنسنی خیز انکشافات ہورہے ہیں جس میں ضلع نلگنڈہ کے کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے فرزند کا گینگسٹر کے اس ٹولی کی جانب سے قتل کرنے اور اُسے حادثہ کی شکل دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ اتنا ہی نہیں گینگسٹر کی ٹولی نے 17 سالہ لڑکی نسرین کا بھی قتل کرکے اُسے ضلع رنگاریڈی کے مچی ریولا علاقہ میں دفنادیا تھا۔ گینگسٹر نعیم اور اُس کے سیاستدانوں سے تعلقات کا آج اُس وقت کھلا ثبوت منظر عام پر آیا جب بھونگیر ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے ایک ایف آئی آر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل نیتی ودیا ساگر کے بھی گینگسٹر کے تعلقات ہیں۔ تفصیلات کے بموجب لڑکی کا پُل کے ساکن تاجر گمپا ناگیندر سے نعیم نے جبری وصولی کے لئے دھمکی دی تھی۔ جاریہ سال 8 مارچ کو نعیم کے قریبی ساتھی پی سرینواس نے ناگیندر کو بذریعہ فون نعیم کا پیام پہنچایا اور اُس سے 5 کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا۔ 17 مارچ کو پی سرینواس نے اُس کے موبائیل فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے ’’بھائی صاب‘‘ (نعیم) سے فوری ملاقات کرنے ورنہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کی دھمکی دی۔ تاجر گمپا ناگیندر نے نعیم سے ملاقات کے لئے تیار ہوگیا اور اُسے ڈسٹر کار میں آنکھوں کو پٹی باندھ کر نعیم کے خفیہ ٹھکانے پر منتقل کیا گیا جہاں پر گینگسٹر موجود تھا اور اُس کی سکیوریٹی کی 20 سال کی عمر کی لڑکیاں ہتھیار سے لیس تھیں جہاں پر نعیم اور ناگیندر کے درمیان گفتگو ہوئی جس میں گینگسٹر نے کم از کم ایک کروڑ روپئے فوری حوالے کرنے کے لئے کہا وہاں اُس کے بیٹوں کا قتل کرنے کی دھمکی دی۔ بھونگیر ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ گینگسٹر نعیم نے تاجر ناگیندر کو یہ بتایا کہ رقم نہ دینے پر اُس کے بیٹوں کا کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بیٹے جیسا حشر ہوگا اور اُس نے وینکٹ ریڈی کے بیٹے کا قتل کرایا ہے اُٰسے حادثہ کی شکل دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ 20 ڈسمبر 2011 ء کو کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیٹا پرتیک ریڈی کا آؤٹر رنگ روڈ پر سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا تھا۔