ملبورن ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں سرینا ڈومنیکا سیبلکووا کو شکست دے دی۔ سیبلکووا نے گزشتہ سال کے ٹورنمنٹ میں فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ سیمی فائنل میں امریکی سرینا کا مقابلہ ان کی ہم وطن میڈیسن کیز سے ہوگا۔ 20 سال سے کم عمر کیز نے آج کے مقابلے میں سرینا کی بڑی بہن 34 سالہ وینس ولیمسن کو شکست دی۔ سرینا قبل ازیں کے اپنے متزلزل میچوں کے برخلاف آج سلوواک کی خطرناک کھلاڑی ڈومنیکا سیبلکووا کے خلاف ابتداء سے جارحانہ تیور اختیار کیا۔ اپنی بڑی بہن وینس کو ڈومینکا سے مقابلے کیلئے سرینا راڈ لاور ارینا میں داخل ہوئیں۔ اس وقت ان کی تیز چمک دار آنکھوں سے فولادی عزائم عیاں ہورہے تھے۔ طاقتور عالمی نمبرون سرینا نے تقریباً ایک گھنٹہ کے کھیل میں 15 خطرناک شاٹس لگاتے ہوئے شکست دی اور گرینڈ سلام کے 26 ویں فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
سردی سے متاثر سرینا جو حلق میں خراش کے سبب بمشکل ہی بات کرپا رہی ہیں، اپنی جیت کے بعد کہا کہ ’’میں جانتی تھی کہ مجھے ان (ڈومنیکا سیبلکووا) کو آج شکست دینا ضروری ہے کیونکہ گزشتہ سال وہ فائنل میں پہنچ چکی تھیں۔ اس کورٹ پر انہوں نے اس کورٹ پر یقینا بہت اچھا کھیلا اور ان کا کامیاب مقابلہ کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے‘‘۔ دیرینہ حریف روسی ماریا شارا پووا کا آئندہ مقابلہ اپنی ہم وطن ایکا ٹرینہ ماکارووا سے ہوگا۔ 19 سالہ کیز جنہیں تاحال کوئی درجہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ اس ٹورنمنٹ کی حیرت انگیز کھلاڑی ثابت ہوئی ہیں جنہوں نے دوسری مرتبہ ابھرنے کی کوشش میں مصروف ماہر و کہنہ مشق ٹینس اسٹار وینس کو 6-4، 4-6، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے گرینڈ سلام میں دونوں ولیمس بہنوں کے مابین مقابلے کے امکان کو عملاً ختم کردیا۔
2000 ویمبلڈن کے بعد وینس اور سرینا کا کسی گرینڈ سلام فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف سامنا نہیں ہوا ہے۔ کیز نے دائیں پاؤں کے اوپری حصہ پر زخم کے باوجود یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ میڈیسن کیز نے کہا کہ ’’کئی نشیب و فراز کے بعد میں چند پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں جس پر مجھے خوشی ہے‘‘۔ مردوں کے زمرہ میں اینڈی مرے اور توماس برڈچ سیمی فائنل میں مقابلہ آرائی کے لئے پہلے ہی محفوظ رسائی حاصل کرچکے ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز بالترتیب نک کرگوئس اور رافیل ندال کو شکست دی تھی۔ عالمی نمبرون نوواک جوکووچ سیمی فائنل میں رسائی کے خواہشمند ہیں ، انہوں نے کینیڈا کے میلوس راؤنچ کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے ۔اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کا سیمی فائنل میں سوئس دفاعی چمپین اسٹان واورینکا یا پانچویں مقام کے حامل جاپان سوپر اسٹار کی نیشی کوری سے ہوگا۔