آکلینڈ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سربیائی ٹینس اسٹار اینا ایوانووچ نے 2 سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمس کو میراتھن مقابلہ میں 6-2 ،5-7 ، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے آکلینڈ کلاسک خطاب حاصل کرلیا۔ 26 سالہ سربیائی کھلاڑی ایوانووچ کے کرئیر کا یہ 12 واں خطاب تھا لیکن 2011 ء میں بالی میں خطاب حاصل کرنے کے بعد ایوانووچ کے لئے طویل عرصہ کے بعد دوسرا خطاب حاصل ہوا ہے۔ ایوانووچ نے مقابلہ کا آغاز انتہائی شاندار طریقہ سے کرتے ہوئے پہلے سیٹ میں 5-19 کی سبقت صرف 19 منٹوں میں حاصل کرلی تھی بعدازاں 7 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن وینس نے بہتر مظاہرہ کرنا شروع کیا اور دوسرے سیٹ اپنے نام کرتے ہوئے مقابلہ میں واپسی کی۔
کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سابق فرنچ اوپن چمپئن نے کہاکہ یہ ایک انتہائی مسابقتی مقابلہ رہا جہاں وینس نے پھر ایک مرتبہ ثابت کردیا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران اِن کے نام چند عالمی فتوحات کیوں درج ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ دوسرے سیٹ کے اختتام پر میں نے چند غلطیاں کیں جو اکثر مقابلوں میں مجھ سے سرزد نہیں ہوتی۔ جس کے باوجود میں نے فیصلہ کن سیٹ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وینس ولیمس نے مقابلہ کے بعد اعتراف کیاکہ اِنھیں ایک بہتر کھلاڑی کے خلاف شکست ہوئی ہے حالانکہ انھوں نے مقابلہ میں مسابقت جاری رکھنے کی پوری کوشش کی۔ آسٹریلین اوپن 2014 ء کے آغاز سے قبل یہ وارم اپ ٹورنمنٹ تصور کیا جاتا ہے جہاں خطابی مقابلہ کے فیصلہ کن سیٹ کی پہلی سرویس میں وینس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایوانووچ نے 2-0 کی اہم سبقت حاصل کرلی تھی۔