وینس او رکیویتوا کی شکست کے ساتھ آسٹریلین اوپن کا آغاز

ملبورن 13؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن 2014 کے پہلے ہی راؤنڈ میں خطاب کی دعویدار تصور کی جانے والی سابق ومبلڈن چمپین پٹرا کیویتوا کے علاوہ ٹورنمنٹ کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی سابق عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار وینس ویلیمس کو حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز اطالوی کھلاڑی سارہ ایرانی کو بھی مایوس کن طریقے سے ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے ۔ وینس کو روسی کھلاڑی ایکترینہ ماکاروا نے کے خلاف ایک سخت مقابلے کے بعد 6-2 ‘ 4-6 ‘ 4-6 کی حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی ہے جبکہ اس شکست سے زیادہ حیران کن شکست کیویتوا کی رہی جنہیں غیر معروف تھائی لینڈ کھلاڑی کم کھم نے 6-2 ‘ 1-6 ‘ 6-4 سے شکست دے کر ٹورنمنٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا ۔ تیسری حیران کن شکست ایرانی کی رہی جنہیں جرمنی کی ابھرتی کھلاڑی جولیا جارجس نے راست سیٹوں میں 6-3 ‘ 6-2 کی شکست دی ۔ دریں اثناء عالمی نمبر ایک سرینا ویلیمس نے آسٹریلین اوپن مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے مرحلے کے مقابلے میں آسٹریلیائی کھلاڑی ایشلیگ برٹی کو راست سیٹوں میں6-2‘ 6-1 سے شکست دی ۔ دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرنے والی دیگر کھلاڑیوں میں سابق عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار ایوانووچ نے نیندرلینڈ کے ٹرنیس کو 6-4 ‘ 6-4 ‘ مقامی کھلاڑی اور سابق یو ایس اوپن چمپین سمنتھا اسٹوسر نے چیک جمہورہائی کھلاڑی کے زوکوپالووا کو 6-3 ‘ 6-4 سے شکست دی ۔

درین اثناء جرمنی کی ابھیک کریز نے آسٹریلیا کی گاجڈوسرا کو سخت مقابلے کے بعد 6-3‘ 0-6 ‘ 6-3 سے شکست دی ۔ ایشائی امیدوں کی محور لی نانے اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے کروشیا کی کینجوہ کو 6-2 ‘ 6-0 سے راست سیٹوں میں شکست دی ۔ مرد زمرے کے مقابلوں میں تین مرتبہ کے چمپین نواک جوکووچ نے اپنی خطابی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے سلوانیہ کے لوکاس کو راست سیٹوں میں 6-3 ‘ (7-2)‘ 7-6 ‘ 6-1 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ قبل ازیں سوئزرلینڈ کے اسٹانلس واؤ رنکا ایسے پہلے کھلاڑی بنے ہیں جنہوں نے آسٹریلین اوپن 2014 کے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی ہے ۔ واؤرنکا نے اپنے پہلے مرحلے کے مقابلے میں گولولو کو 6-4 ‘ 6-1 سے شکست دی ۔ پہلے راؤنڈ میں ایک سخت اور 5 سیٹوں پر مشتمل مقابلہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب آسٹریلیا کے ابھرتے نوجوان کھلاڑی تھامینس نے عالمی درجہ بندی میں 20 ویں مقام پر فائز جانکوویز کے خلاف ابتدائی دو سیٹ اپنے نام کر لئے تھے لیکن باقی 3 سیٹوں میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے جانکوویز نے یہ مقابلے 1-6 ‘ 4-6 ‘ 6-4 ‘ 6-2 ‘ 6-1 سے اپنے نام کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ تھامپسن کی اس مقابلے میں شکست سے زیادہ ان کے مظاہرہ کی ستائش کی جا رہی ہے اور ان سے آسٹریلیا کی امیدیں وابستہ کرلی گئی ہیں ۔

عالمی درجہ بندی میں 7 ویں مقام پر فائز ٹامس برڈک نے پہلے راونڈ کے مقابلے میں اپنے حریف میٹروولیو کو 6-3‘ 6-4 ‘ 6-3 سے شکست دی ۔ جرمنی کے اسٹار کھلاڑی ٹامی ہاس کو ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا جیساکہ عالمی درجہ بندی میں 12 ویں مقام پر فائز ہاس نے اسپین کے جارجیا لوبیز کے خلاف ابتدائی 2 سیٹوں میں 7-5‘ 5-2 سے پیچھے رہنے کے بعد مقابلے سے دستبرداری اختیار کی ۔