سین جوس۔4 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کی وینس ولیمز کو سلیکان ویلی کلاسک ٹینس ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں یونان کی ماریا سکاری کے خلاف 4-6، 6-7 سے حیرت انگیز طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سات مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن38 سالہ وینس نے پہلے سٹ میں 3-0 کی برتری بنائی اور دوسرے سیٹ میں وہ 5-3 سے آگے تھیں لیکن دونوں مرتبہ وہ برتری گنوا کر میچ ہار گئیں۔23 سالہ سکاری نے میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔دنیا کی49 ویں نمبر کی سکاری نے یہ میچ جیتنے میں ایک گھنٹے43 منٹ کا وقت لیا۔سکاری کا سیمی فائنل میں امریکہ کی ڈینیل کولنس سے مقابلہ ہوگا جنہیں سابق نمبر ایک بیلاروس کی وکٹوریہ ازارینکا کے دستبردار ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں داخلہ مل گیاہے ۔ ازارینکا نے پہلا سٹ 7-6 سے جیت لیا تھا لیکن دوسرے سٹ میں 0-3 سے پیچھے ہوگئی تھیں ۔کولنس کا اس سال کا یہ دوسرا سیمی فائنل ہوگا۔برطانیہ کی جوہانا کونٹا کو چوتھی سیڈ بیلجیم کی ایلس مرٹینس سے 6-7، 3-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سال کے چوتھے خطاب کی تلاش میں مصروف مرٹینس کا سیمی فائنل میں پانچویں سیڈ رومانیہ کی میہلا بزارنیسکو سے مقابلہ ہوگا۔