حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے آج گھانسی بازار ویمن پولیس اسٹیشن سائوتھ زون سے وابستہ پولیس کانسٹیبل ٹی روی کمار کو 20 ہزار روپئے رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ مزید جہیز کی حراسانی کے ایک مقدمہ میں کانسٹیبل روی کمار مادنا پیٹ سے تعلق رکھنے والے محمد خواجہ یوسف الدین اکبر اور ان کے ارکان خاندان کو تنگ کررہا تھا۔ پولیس اسٹیشن سے ضمانت دینے کے لیے اس نے 20 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں یوسف الدین اکبر نے اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کروائی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے بیورو نے آج کانسٹیبل کو رشوت کی رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدہ پولیس کانسٹیبل روی کمار کو بیورو کے عہدیداروں نے انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت کے اجلاس پر پیش کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔