ویمنس ہاکی ورلڈ کپ نیدرلینڈ سیمی فائنل میں داخل

دی ہیگ (نیدرلینڈ)۔ 8؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ اولمپک سلور میڈلسٹ نیدرلینڈ نے ویمنس ہاکی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف 2-0 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کیوسیرا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کم لیمرس نے 57 ویں منٹ میں پہلا گول بنایا۔ ناؤمی نے 65 ویں منٹ میں دوسرا گول بناتے ہوئے ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔ نیدرلینڈ کو اب چار میاچس میں 12 پوائنٹس ملے ہیں اور گروپ اے کے سیمی فائنل میں اس کی رسائی یقینی ہوگئی ہے۔ آسٹریلیا کے 9 پوائنٹس ہیں جب کہ جنوبی کوریا کے 7 اور نیوزی لینڈ کے 6 پوائنٹس ہیں۔

مینس ورلڈ کپ ہاکی
ارجنٹینا سیمی فائنل میں داخل
دی ہیگ۔ 8؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ گونزالو پلٹ کے شاندار 3 گولس کی بدولت ارجنٹینا مینس ہاکی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے اور اس نے ایشین چمپئن جنوبی کوریا کو 5-0 سے شکست دی۔ چار میاچس کھیل کر ارجنٹینا نے 9 پوائنٹس حاصل کرلئے اور وہ اب اولمپک چمپئن جرمنی سے آگے نکل گیا ہے۔ گونزالو نے ابتدائی دو پنالٹی کارنرس کو گولس میں تبدیل کرتے ہوئے ساتویں منٹ میں ہی ٹیم کو 2 گولس کی سبقت دلائی۔ اسکے بعد لوکز ولا نے فیلڈ گول بنایا اور پھر گونزالو نے 20 ویں منٹ میں تیسرا گول بنایا۔ اس طرح ارجنٹینا کو ہاف ٹائم تک 4-0 کی سبقت حاصل ہوچکی تھی۔ گولیریمو شائیکنڈنٹس نے دوسرے سیشن میں ایک اور گول کا اضافہ کیا۔ دو مرتبہ چمپئن رہنے والی جرمنی نے گروپ بی کے میچ میں نیوزی لینڈ کو 5-3 سے ہرایا اور 4 گیمس میں اسے 6 پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں۔ نیدرلینڈ نے تین متواتر کامیابیوں کے ساتھ 9 پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔