ویمنس ٹی ٹوئنٹی : پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش کو ہرایا

کراچی ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں28 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔ یہاں ساؤتھ اینڈ کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے دو میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبانوں کی پہلی وکٹ ایک رن پر ہی گرگئی جب مرینہ اقبال رن آؤٹ ہوئیں۔ تاہم جویریہ خان اور بسمعہ معروف نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 87 رنز کی شراکت قائم کی۔ جویریہ 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹیں جبکہ بسمعہ معروف نے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی چوتھی نصف سنچری اسکور کی۔ بسمعہ 65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان ویمنس نے مقررہ 20 اوورز میں 124/5 اسکور کئے۔125 کے ٹارگٹ پر بنگلہ دیش کو دھیمے رن ریٹ کی وجہ سے شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور وہ وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہے۔

مقررہ 20 اوور میں بنگلہ دیشی خواتین 95/7 تک محدود رہیں۔ عائشہ رحمان اور فرزانہ حق 23 جبکہ رومانہ احمد 22 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ پاکستان نے میچ میں 29 رنز سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بسمہ کو شاندار اننگز پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ رواں سال مئی میں زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کی تو اب بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی آمد سے 9 سال بعد پاکستان میں ویمن انٹرنیشنل کرکٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ بنگلہ دیشی خواتین کرکٹرز نے 6 سال کے طویل عرصے بعد کراچی کے ویران کرکٹ میدان کو آباد کیا۔