ویمنس ٹیم کو انعامات کے بعد اب اسپانسرشپ کی امید

نئی دہلی۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ویمنس ٹیم جس نے آئی سی سی ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی اور ان کے مظاہروں کی نہ صرف ستائش کی گئی بلکہ انھیں اعزاز و اکرام کے علاوہ انعامات سے بھی نوازا جارہا ہے اور اب ٹیم کی کھلاڑیوں کو اُمید ہے کہ مالی تعاون کیلئے انھیں اسپانسر بھی مل جائے گی ۔ 15 رکنی ٹیم کی 10 کھلاڑیوں کو پہلے ہی انڈین ریلویز میں ملازمتیں مل چکی ہیں ، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی اُمید ہے کہ انھیں ملازمتیں دی جائیں گی ۔ کپتان متھالی راج اُن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنھیں اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے اسپانسرشپ فراہم کی جارہی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کی آل راؤنڈر دپتی شرمانے بھی کہا ہے کہ انھیں فی الحال کٹ کی اسپانسر شپ مل چکی ہے اور اُمید ہے کہ عنقریب کارپوریٹ شعبہ سے کوئی بڑا نام ان کیلئے آگے آئے گا ۔ دپتی نے کہا ہے کہ ان کی بیشتر ساتھیوں کو ریلوے میں ملازمتیں مل چکی ہیں اور مجھے بھی امید ہے کہ ریلوے میں خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا ، کیونکہ میرے والد ریلویز سے ہی سبکدوش ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں 21 سالہ اوپنر سمرتی مندنا جنھوں نے ورلڈ کپ کے ابتدائی دو مقابلوں میں 90 اور 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہیں اِن سے بھی کئی کمپنیوں نے رابطے کئے ہیں اور وہ اسپانسرشپ کیلئے مختلف کمپنیوں سے بات کررہی ہیں ۔ اُمید ہے کہ عنقریب انھیں بھی اسپانسرشپ مل جائے گی ۔ علاوہ ازیں لیگ اسپنر پونم یادو اور بائیں ہاتھ کی اسپنرس راجیشور گائیکواڈ کے ہمراہ ایکتا بشت کو ہنوز کوئی خوشخبری نہیں ملی ہے ۔