ویمنس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آج انگلینڈ ۔ آسٹریلیا سیمی فائنل

نئی دہلی ، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گروپ مرحلے میں ناقابل شکست انگلینڈ کو اُمید رہے گی کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسری مرتبہ قسمت اُن کا ساتھ نبھائے کیونکہ دونوں ٹیمیں اپنی مقبول رقابت کا آئی سی سی ویمنس ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے پہلے سیمی فائنل میں کل یہاں احیاء کریں گے ۔ مانوس حریف ٹیمیں آئی سی سی ایونٹ کے فائنلس میں ایک دوسرے کے خلاف اکثر کھیلتی رہی ہیں لیکن آسٹریلیا دوسرے مقام پر رہا ہے ۔ 2009 ء میں افتتاحی ایڈیشن کے بعد سے آسٹریلیا کا انگلینڈ کے ساتھ یہ پہلا سیمی فائنل ہوگا ۔ انگلش کیپٹن شارلوٹ ایڈورڈس اور اُن کی آسٹریلیائی ہم منصب میگ لاننگ نے اس دباؤ والے مقابلے کے موقع پر خود کو پسندیدہ قرار دینے سے احتراز کیا ہے ۔ تاہم فیروزشاہ کوٹلہ میں گزشتہ دو میچس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ کل کے مقابلے میں آسٹریلیا کو قدرے برتری حاصل رہے گی ۔ انگلش ٹیم کے ذہن میں ایک اور چیز بھی دباؤ بڑھائے گی کہ گزشتہ دو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنلس میں انھیں آسٹریلیا کے مقابل ناکامی ہوئی ہے۔ مجموعی طورپر انگلینڈ نے 2009 ء کا ٹائٹل جیتا جس کے بعد سے آسٹریلیا چھایا رہا۔