ویل بیک کا شاندار مظاہرہ، سوئٹزرلینڈ کیخلاف انگلینڈ فاتح

زیورخ 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈینی ویل بیک کی عمدہ مظاہرہ کی بدولت انگلینڈ نے2016 ء یوئیفا یورپین چیمپئن شپ کوالیفائنگ میچ میں سوئٹزرلینڈ کو 2-0 سے شکست دی۔ اسٹونیا نے سلوانیا، لیتھونیا نے سین مارینو ،اسپین نے مقدونیا،روس نے لیشنٹین کیخلاف کامیابی اپنے نام کی جبکہ لگژمبرگ اور بیلا رس ، آسٹریا اورسویڈن کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔ یوئیفا یورپین چیمپئن شپ کوالیفائنگ ای میں انگلینڈ اورسوئٹزرلینڈآمنے سامنے ہوئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہوسکا۔کھیل کے 58 ویں منٹ میں انگلینڈ کے ڈینی ویل بیک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اسکور 1-0 کردیا۔ حریف ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف گول کرنے کی کوشش کی تاہم و ہ ناکام رہی۔کھیل کے آخری منٹ میں ویل بیک نے ایک مرتبہ پھر سوئٹزر لینڈ کیخلاف دھاوا بول دیا اور گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو 2-0 سے کامیابی دلادی۔ ایک اور میچ میں اسٹونیا نے سلوانیاکو 2-0 اور لیتھونیا نے سین مارینوکو 1-0 سے شکست دی۔ گروپ سی میں اسپین نے مقدونیا کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 5-1 کی کامیابی حاصل کی۔ اسپین کی جانب سے سرگیو راموس،فرانسسکو الکاسر گارشیا ، سرگیو بسگیوٹس، ڈیوڈ سلوا اورپیڈرو نے گول بنائے۔ سلواکیا نے یوکرین کے خلاف 1-0 کی کامیابی حاصل کی۔