تانڈور 25 اپریل (فیاکس) اقدار پر مبنی سیاست اور فلاحی ریاست کا نعرہ لے کر ملک کے سیاسی اُفق پر نمودار ہونے والی سیاسی جماعت ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے ملک کے مختلف علاقوں سے باکردار امیدواروں کو انتخابی میدان میں اُتارا ہے۔ ویلفیر پارٹی نے تانڈور حلقہ اسمبلی سے باکردار شخصیت سید کمال اطہر کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جوکہ شہر تانڈور کی ہردلعزیز شخصیت کئی تنظیموں کے ذمہ دار ہیں۔ جناب محمد خواجہ ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند رنگاریڈی کی زیرنگرانی پریس میٹ کے ذریعہ جماعت اسلامی تانڈور سید کمال اطہر کی نہ صرف بھرپور حمایت کرے گی بلکہ ان کے حق میں رائے عامہ ہموار کرے گی۔ جماعت اسلامی تانڈور عوام بالخصوص مسلم رائے دہندوں سے اپیل کرتی ہے کہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے امیدوار سید کمال اطہر حسین جن کا امتیازی نشان قینچی ہے، ان کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر امیر مقامی محمد سراج صمدانی، سکریٹری انور پاشاہ کے علاوہ جماعتی ارکان و کارکنان موجود تھے۔