ویلفیر پارٹی تلنگانہ کے ریاستی قائدین کا دورہ اضلاع

پارٹی کو مضبوط کرنے کارکنوں کو ہدایت
وقارآباد۔ /5اپریل، ( فیکس ) ویلفیر پارٹی تلنگانہ کے ریاستی قائدین نے ورنگل، تانڈور اور وقارآباد کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی اور مقامی سطح پر پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے عوامی مسائل کو اٹھانے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی۔ ریاستی قائدین کے وفد نے صدر ویلفیر پارٹی تلنگانہ سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ کی قیادت میں تینوں مقامات کا دورہ کیا۔ نائب صدر وسیم الدین احمد، ریاستی جنرل سکریٹری سید فخر الدین علی احمد، محمد تاج الدین اور دیگر بھی اس دورے میں شامل تھے۔ ورنگل میں سید مجاہد علی کو کنوینر مقرر کیا گیا جبکہ محمد مجاہد اور عبدالحفیظ قریشی کو بھی مختلف ذمہ داریاں دی گئیں۔ اسی طرح تانڈور میں ہدایت اللہ شریف کو سٹی کنوینر مقرر کیا، جبکہ وقار آباد میں محمد ذاکر کنوینر مقرر کئے گئے۔ تینوں مقامات پر مقامی سطح کی دیگر ذمہ داریوں پر بھی تقررات جلدہی کئے جائیں گے۔ سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ نے کہا کہ وہ فی الحال پارٹی کے انتظامی اُمور کو مضبوط کرتے ہوئے جلد ہی عوامی جدوجہد کے لئے پارٹی کارکنوں کو تیار کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ریاست کے دیگر مقامات پر بھی دورہ کرتے ہوئے پارٹی ذمہ داروں اور کارکنوں سے ملاقات کی جائے گی۔